چین سے جاسوسی اور چپس اسمگلنگ کا معاملہ،نیوڈیا کے سربراہ امریکی کانگریس میں طلب

جینسن ہوانگ منگل کو امریکی ایوان نمائندگان کی تین ری پبلکن قیادت والی کمیٹیوں کے سامنے بند کمرے میں پیش ہوں گے۔

November 29, 2026 · بام دنیا
چین سے جاسوسی اور چپس اسمگلنگ کا معاملہ،نیوڈیا کے سربراہ امریکی کانگریس میں طلب

چین سے جاسوسی اور چپس اسمگلنگ کا معاملہ،نیوڈیا کے سربراہ امریکی کانگریس میں طلب

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نیوڈیا (Nvidia) کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کو چین سے مبینہ جاسوسی، جدید مصنوعی ذہانت کے چپس کی اسمگلنگ اور قومی سلامتی سے متعلق خدشات پر امریکی کانگریس میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کی اچانک دوبارہ بطور چیف ایگزیکٹو بحالی کے بعد امریکی سیاست میں معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے متعدد خواتین کے ساتھ تعلقات کے الزامات، جن میں چین کے لیے جاسوسی کرنے والی ایک مشتبہ خاتون سے تعلق کا معاملہ بھی شامل ہے، سامنے آنے کے بعد استعفیٰ دیا تھا، تاہم صرف 11 روز بعد انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا گیا۔

جینسن ہوانگ منگل کو امریکی ایوان نمائندگان کی تین ری پبلکن قیادت والی کمیٹیوں کے سامنے بند کمرے میں پیش ہوں گے۔ ان کمیٹیوں میں خارجہ امور، انٹیلی جنس اور چین سے متعلق خصوصی کمیٹی شامل ہیں۔

کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نیوڈیا کے بورڈ کی مختصر داخلی تحقیقات اور جینسن ہوانگ کی بحالی سے قومی سلامتی کے خدشات ختم نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کی مصنوعات کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ، چین کی فوجی ضروریات کے لیے ان چپس کے ممکنہ استعمال اور چین کی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں اضافے کے معاملے پر جواب طلب کیے جائیں گے۔

نیوڈیا کے جنرل کونسل ٹم ٹیٹر بھی بدھ کو انہی کمیٹیوں کے سامنے بند کمرے میں پیش ہوں گے، جبکہ جمعرات کو جینسن ہوانگ امریکی سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کی عوامی سماعت میں شرکت کریں گے۔

اس تنازع کا مرکزی معاملہ نیوڈیا کے جدید مصنوعی ذہانت کے چپس چین پہنچانے کے مبینہ خفیہ نیٹ ورک سے متعلق ہے۔ الزامات کے مطابق سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ (Megaspeed) کے ذریعے جدید چپس چین منتقل کیے گئے۔ اس کمپنی کی سابق سربراہ ایلس ہوانگ پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کو شبہ ہے کہ وہ بیجنگ کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔ رپورٹس میں انہیں جینسن ہوانگ کے ساتھ تعلقات رکھنے والی خواتین میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

امریکی کانگریس میں اس معاملے پر ری پبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کے ارکان تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ سابق قائم مقام وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف مِک مولوانی کے مطابق چین کے حوالے سے سخت مؤقف واشنگٹن میں ان چند معاملات میں شامل ہے جن پر دونوں جماعتوں میں اتفاق پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو مؤقف اختیار کیا کہ جینسن ہوانگ قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ پر الزام ہے کہ اس نے پس پردہ ان کی دوبارہ بحالی کے لیے کردار ادا کیا، جسے امریکی حکومت کی غیر معمولی مداخلت قرار دیا جا رہا ہے۔

نیوڈیا کے بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے اعلیٰ امریکی حکام کی جانب سے یقین دہانیاں موصول ہوئی ہیں اور وہ جینسن ہوانگ کی بحالی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں سمجھتا، تاہم کمپنی کی اپنی آزادانہ تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی تھیں۔

ری پبلکن رکن کانگریس ڈان بیکن نے بھی اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کو معلوم کرنا چاہیے کہ چین کو جدید کمپیوٹر چپس فروخت کرنے کی منظوری کس نے دی۔ ان کے مطابق امریکا ایک طرف مصنوعی ذہانت کی دوڑ جیتنے کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی چین کو فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔

ادھر ڈیموکریٹ جماعت نے بھی معاملے کی مزید تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ٹرمپ انتظامیہ، جینسن ہوانگ، نیوڈیا کے دیگر عہدیداروں اور قومی سلامتی کو مالی فائدے کے لیے خطرے میں ڈالنے والوں کے کسی بھی ممکنہ غیر قانونی کردار کی تحقیقات کرے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کانگریس کی سماعتوں پر عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹوں کی بھی گہری نظر ہوگی، کیونکہ حالیہ دنوں میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جینسن ہوانگ کی پیشی نہ صرف نیوڈیا بلکہ پوری ٹیکنالوجی انڈسٹری اور مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

جینسن ہوانگ کی شخصیت اور ان کے لباس پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ نیوڈیا کے کیلیفورنیا ہیڈکوارٹر میں ملازمین سے حالیہ ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی روایتی سیاہ چمڑے کی جیکٹ کے بجائے گہرے نیلے رنگ کا سادہ کوٹ پہنا، جسے بعض مبصرین نے تنازع کے بعد ان کے محتاط رویے کی علامت قرار دیا۔