اسحاق ڈار کی بلاول بھٹو سے ملاقات، مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ زیر بحث

اہم سیاسی رابطہ، قانون سازی پر گفتگو، بلاول کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔

November 29, 2026 · |
اسحاق ڈار کی بلاول بھٹو سے ملاقات، مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ زیر بحث

اسحاق ڈار کی بلاول بھٹو سے ملاقات، مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ زیر بحث

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور قانون سازی کے ممکنہ ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور اہلخانہ سے مبینہ بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا۔

ترجمان پیپلز پارٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے اس معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی۔ ملاقات کے فوراً بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو سیل اور صاحبزادوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں بھی کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے رہائش گاہ سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی کھینچا تانی سے عوام کا نقصان ہوگا اور انتقامی سیاست عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات وزیر داخلہ، گورنر پنجاب سلیم حیدر اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ملک کے مجموعی نظام کی تشکیلِ نو، نئے صوبوں کے قیام، انتظامی یونٹس کے معاملات، امن و امان کی صورتحال اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات میں آئندہ کی اہم قانون سازی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے معاملات پر بھی اتحادی جماعت کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی گئی، جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے حکومتی تجاویز پر مزید مشاورت کے بعد اپنا حتمی مؤقف دینے کا عندیہ دیا ہے۔