بنگلادیش میں حسینہ واجد کی واپسی سے پہلے خونریز جھڑپیں،ایک شخص جاں بحق
مظاہرین نے ڈنڈوں، تلواروں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا، جبکہ مختلف مقامات پر دکانوں، سڑک کنارے اسٹالز اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی
بنگلادیش میں حسینہ واجد کی واپسی سے پہلے خونریز جھڑپیں،ایک شخص جاں بحق
بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلان سے پہلے سیاسی کشیدگی شدت اختیار کر گئی، مختلف شہروں میں مخالف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں، آتشزدگی اور ہنگاموں کے دوران ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز شیخ حسینہ واجد کے آبائی شہر گوپال گنج میں عوامی لیگ کے حامیوں اور حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔ مظاہرین نے ڈنڈوں، تلواروں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا، جبکہ مختلف مقامات پر دکانوں، سڑک کنارے اسٹالز اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔
پولیس کے مطابق شریعت پور ضلع میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران ابراہیم سپاہی نامی شخص جاں بحق ہو گیا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ عوامی لیگ کا کارکن تھا۔ پولیس افسر محمد ذکریا رحمان کے مطابق جھڑپ کے دوران پٹرول بموں کا تبادلہ بھی ہوا اور ابراہیم سپاہی اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دسمبر میں بھارت میں جلاوطنی ختم کرکے بنگلادیش واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ 79 سالہ شیخ حسینہ کو 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران خونریز کریک ڈاؤن سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
شیخ حسینہ کی سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے، جبکہ جماعت نے پابندی اور مبینہ سیاسی انتقام کے خلاف ملک گیر دو روزہ ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔
عوامی لیگ کے سینئر رہنما حمید غازی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت حکمران بی این پی حکومت سے سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
گوپال گنج میں حالات پر قابو پانے کے لیے سینکڑوں اضافی نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں بیشتر دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔