بنگلہ دیشی حکمران جماعت کے کنسرٹ میں شیخ حسینہ کیلئے نعرے لگانے والوں پر چھاپے
یہ واقعہ حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے مقامی رہنماؤں کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔
بنگلہ دیشی حکمران جماعت کے کنسرٹ میں شیخ حسینہ کیلئے نعرے لگانے والوں پر چھاپے
بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حمایت میں نعرے لگانے پر کم از کم 20 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعہ حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے مقامی رہنماؤں کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ہفتے کی رات چٹاگانگ شہر کے علاقے پہاڑتلی میں آرافات رحمان کوکو میموریل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب تقسیم انعامات کے بعد موسیقی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے بینڈز نے پرفارم کیا۔
کنسرٹ ختم ہونے کے بعد گھروں کو واپس جانے والے نوجوانوں کے ایک گروپ نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حق میں نعرے لگائے۔ نوجوانوں نے ”شیخ حسینہ واپس آئیں گی، بنگلادیش مسکرائے گا” اور ”شیخ حسینہ خوفزدہ نہ ہوں، ہم نے سڑکیں نہیں چھوڑی” کے نعرے بھی لگائے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد بی این پی کارکنوں اور مقامی افراد نے نوجوانوں کا تعاقب کرکے انہیں حراست میں لے لیا۔
ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے کنوینر اور جوبو دل کے سٹی یونٹ کے صدر مشرف حسین کے مطابق کنسرٹ میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے پہاڑتلی کے علاقے میں چند سیکنڈ تک نعرے لگائے، جس پر بی این پی کارکنوں اور مقامی افراد نے انہیں پکڑ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ کم از کم 20 افراد کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا گیا۔
دوسری جانب کھلشی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر نذرالاسلام نے اتوار کی صبح بتایا کہ پولیس اور ڈیٹیکٹو پولیس نے پہاڑتلی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے، تاہم انہوں نے گرفتار افراد کی حتمی تعداد بتانے سے گریز کیا۔