ڈھاکا ایئرپورٹ پر یو ایس-بنگلا ایئرلائنز کے طیارے کا ٹیک آف منسوخ، تمام مسافر محفوظ

یو ایس-بنگلا ایئرلائنز کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا، ٹیک آف روکنے پر ٹائروں سے دھواں اٹھنے لگا

November 29, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

ڈھاکا: حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈھاکا پر یو ایس-بنگلا ایئرلائنز کے ایئربس اے 330-343 طیارے کو ٹیک آف منسوخ کرنے کے بعد ایپرن پر خالی کرا لیا گیا۔

ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پائلٹ ان کمانڈ نے انسٹرومنٹ انڈیکیشن مس میچ کے باعث تکنیکی خرابی کی وارننگ موصول ہوتے ہی فوری طور پر ٹیک آف روکنے کا فیصلہ کیا۔ طیارہ جدہ جانے والی پرواز (BS-361) کے لیے روانہ ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔

اچانک بریک لگانے سے ٹائروں اور رن وے کے درمیان رگڑ کے باعث دھواں اٹھا، جس پر سول ایوی ایشن فائر سروس نے کارروائی کرتے ہوئے پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ تاہم، ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ انجن، پہیوں، لینڈنگ گیئر یا طیارے کے کسی بھی حصے میں آگ نہیں لگی تھی۔

طیارے کو طریقہ کار کے مطابق پارکنگ ایریا میں منتقل کر کے مسافروں کو بحفاظت اتارا گیا۔ ایئرلائن کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور اس وقت حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں موجود ہیں، جبکہ مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے جدہ روانہ کرنے کے انتظامات کیے گئے۔