پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا مک مکانگراں سیٹ قبول نہیں۔مصطفی کمال

کراچی:پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہاہے کہ میئر کراچی دن کو رشوت اکٹھی کرتے جبکہ رات کو کوکین پارٹیوں کاانعقاد کرتے ہیں،سندھ کا نگران سیٹ اپ قبول نہیں کیونکہ یہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا مک مکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین کے پاس ایک واضح ایجنڈاہے جس کو پیش کرکے ہم عوام سے ووٹ مانگیں گے ۔اس وقت پاک سرزمین پارٹی ہی ہے جس کے 100فیصد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔اس لئے ہم نے ایک پارلیمانی بورڈ بنایاتھا جس نے میرٹ پر پارٹی ٹکٹ جاری کئے اور اس بات کافیصلہ کیا کہ کون پاک سرزمین پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے گا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے لئے انتخابات کا نتیجہ بہت خوشگوار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ شہرکا موجودہ میئر دن کورشوت جمع کرتا اور رات کو کوکین پارٹیاں کرتا ہے ۔ یہ ہم لو گ ہی تھے جنہوں نے کراچی کو پہلے بنایا تھا اور اب بھی بنائیں گے کیونکہ ایم کیو ایم نے کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے ۔