شریف خاندان کی ایون فیلڈ پر حملے کیخلاف پولیس کو درخواست

 

لندن : شریف خاندان نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر حملے اور دروازہ توڑنے کی کوشش پر لندن پولیس کو تحریر ی درخواست جمع کروادی ۔

لندن پولیس کے مطابق درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے حسین نواز کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی گئی جبکہ درخواست کے ساتھ واقعہ کی فوٹیجز اور پراپرٹی کی توڑ پھوڑ اور نقصان کی تفصیلات بھی جمع کروائی گئی ہیں۔ان فوٹیجز میں کئی اشخاص کو پرتشدد حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ درخواست میں کہا گیا ہے شریف خاندان اور بیگم کلثوم نواز کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، کچھ لوگوں نے بغیر کسی کلیئرنس کے ہسپتال میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے ۔اس کے علاوہ پولیس کو کئی احتجاجی مظاہرین کی فوٹیجز بھی دی گئی ہیں جن کی وجہ سے بچوں اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے رہائشیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے اس حوالے سے پولیس سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ سوموار لندن میں ایو ن فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم ہوا تھا ۔