اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جمعہ کی شام ایئر پورٹ سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لئے نیب لاہور کو ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جبکہ نیب نے انہیں لاہور سے ہی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز نیب لاہور کے ڈائریکٹر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو خط لکھا تھا جس میں نوازشریف اور مریم نواز کی اڈیالہ جیل منتقلی کے لئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہناہےکہ ڈی جی نیب لاہور کے خط کا چیئرمین نیب نے مثبت جواب دیا ہے اور نوازشریف، مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ سے اسلام آباد منتقلی کے لئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیاہے۔