حنیف عباسی کیخلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو ہوگا

راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ نے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف شاہد اورکزئی نے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی تھی۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں گزشتہ سماعت پر حنیف عباسی پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے عدالت سے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس عبدالرحمان لودھی نے شاہد اورکزئی کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف کیس کی سماعت 16 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا ہے۔