لاہور: سپریم کورٹ نے 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 125 میں دھاندلی سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق دھاندلی کے الزامات سے بری ہوگئے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج مبینہ دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے خواجہ سعد رفیق کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کامیاب ہوئے تھے تاہم الیکشن کے نتائج کو تحریک انصاف کے حامد خان نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل نے 2015 میں این اے 125 کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دے کر ضمنی انتخاب کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد خواجہ سعد رفیق نے الیکشن ٹریبونل کے جج جاوید رشید محبوبی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔