لاہور:نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہے، نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی بنیادی ذمہ داری نیب کی ہے اور اس حوالے جو مدد درکار ہوگی وہ صوبائی حکومت دے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ کے ساتھ انتظامیہ رابطے میں ہے، کنٹینرز اس وقت لگائے جائیں گے جب املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ریلی کے شرکاء قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں، غیر معمولی صورتحال سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ وفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے، عبداللہ گل انٹر چینج ریڈ لائن ہے اسے کسی کو عبور نہیں کرنے دیں گے، جو بھی شخص حد کراس کرے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
فون سروس سے متعلق بات کرتےہوئے نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہاکہ فون سروس سیکیورٹی کے پیش نظر بند کی گئی ہے جب کہ نقص امن کے تحت کچھ لوگوں کو نظر بند کیا ہے جن میں کوئی امیدوار اور بڑا لیڈر شامل نہیں۔