لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں نامعلوم افراد کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے بینرز کو نظر آتش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے۔ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 عام انتخابات میں سب کی توجہ مرکز بنا ہوا ہے۔ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مدمقابل ہیں۔
تاہم این اے 131 والٹن روڈ پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لگائے گئے پارٹی بینرز کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی جس کے باعث والٹن روڈ پل کے فائبر کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ کو بجھا دیا۔