جھنگ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کروایاہے، عمران خان نے کہاکہ مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے پولیس کے ذریعے 870 افراد کو قتل کروایا۔
جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نےخیبرپختونخوا کی پولیس کو غیرسیاسی کرکے مثالی بنادیا ہے،وہاں کوئی پیسے دے کر پولیس میں بھرتی نہیں ہوتااوراللہ تعالی نے اگر ہمیں موقع دیا تو پولیس اور بلدیاتی نظام کو ٹھیک کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جمہوریت نظام کا نام ہے اور اس میں ادارے کام کرتے ہیں، لاہور کےبادشاہ کو کیا پتہ جھنگ کےمسائل کیا ہیں،عوام کا حق ہے کہ انہیں تعلیم، ٹیکنیکل ادارے اور کاروبار کیلئے قرضے ملیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک میں یہ تصور نہیں کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کہیں کہ میں نے آپ کو اسپتال دے دیا، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، ایسا بادشاہت میں ہوتا ہے۔