زینب کے والد کا مجرم کو سرعام پھانسی کیلئے سیاسی جماعتوں کو خط

لاہور: مقتولہ زینب کے والد امین انصاری نے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لئے سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق درندگی کا نشانہ بنانے والی معصوم بچی زینب کے والد امین انصاری نے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری کی وساطت سے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دلوانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط لکھ دیا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو موت کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ مجرم عمران کی رحم کی اپیل صدر پاکستان کے پاس زیر سماعت ہے، مجرم عمران کو عبرت کا نشان بنانے کے لئے سیاسی جماعتیں ساتھ دیں۔ سیاسی جماعتیں مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لئے موقف کی حمایت کریں۔