اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک گالم گلوچ اور نفرت آمیز سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تمام جمہوری جماعتوں سے نئے میثاق جمہوریت پر بات کے لئے تیار ہیں۔
پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن اور نیئر بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ماضی کا ہمارا تجربہ مثبت نہیں رہا لیکن میثاق جمہوریت کی نئی قسم پر بات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین پر تنقید انتخابی سیاست کا حصہ ہے لیکن گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کو لائیں گے تو نوجوان سمجھیں گے کہ اسی طرح کرنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی تربیت میرے ساتھ ہے۔ اپنے مثبت کردار اور نظریات کی مدد سے نوجوانوں کو متاثر کرنا چاہتا ہوں اور یقیناً اسی کی بنیاد پر نوجوان طبقہ سیاست، معیشت، اقتصادیات وغیرہ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔