کراچی: عام انتخابات کے موقع پر سندھ پولیس نے سندھ رینجرز کے ساتھ مشترکہ سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ پولنگ کے دن دونوں فورسز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہی ہوگا۔
سعید آباد پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لئے ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات کئے گئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 5 ہزار 7 سو سے زائد ہے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں زیادہ نفری لگائی گئی ہے۔
آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بتایا کہ 79 فیصد فورس فیلڈ فارمیشن، 17 فیصد پولیس کے مختلف یونٹس لے کر تعینات کریں گے جبکہ 4 فیصد کی کمی سندھ حکومت سے لے کر پوری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پولنگ اسٹیشنوں پر ہماری ریزرو پولیس ہوگی۔
پولیس نے رینجرز کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے پولنگ والے دن پولیس اور رینجرز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہو گا۔ جہاں جو بھی مسئلہ ہوا تو دونوں وہاں جلد پہنچ کر مسائل کو حل کریں گے۔
آی جی سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں حالات بہت بہتر ہیں اور الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں میں ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کیا جارہا ہے۔