الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی سیکورٹی کیلئے نئے لائحہ عمل کی منظوری دیدی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کی سیکورٹی کے لئے نئے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔
الیکشن کمیشن، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور وزارت قانون سمیت سیکورٹی حکام کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ‎چاروں چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں انتخابات کے دوران سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیشگی اطلاع نہ ہونے کے باوجود انتظامیہ امیدواروں اور ریلی کی سیکورٹی کی پابند ہوگی اور اہم سیاستدانوں اور امیدواروں کی سیکورٹی کے لئے مربوط پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
سیکورٹی کے نئے لائحہ عمل سے متعلق وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کردیں۔ سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر اظہار اطمینان کیا ہے۔