20 کروڑ روپے چائے پرکیسےخرچ ہوئے؟خیبرپختونخواہ حکومت کیخلاف نیب سے رجوع

پشاور:خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں 20 کروڑ روپے چائے پرخرچ کرنے کے خلاف قومی احتساب بیورو  سے رجوع  کرلیا ہے۔

نیب نے تحقیقات کے لئے نگراں حکومت کی درخواست منظورکرلی ہے تاہم ذرائع کے مطابق چونکہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے اخرجات کے بارے میں تحقیقات نیب خیبرپختونخوا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں اس لئے نگراں صوبائی حکومت کا خط جانچ پڑتال کے لئے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل میڈیا میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں گذشتہ 3 برسوں کے دوران مہمانداری پر20 کروڑ سے زیادہ رقم خرچ کی گئی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ رقم سابق وزیراعلی پرویزخٹک، شیریں مزاری، عمران خان، اسد عمر، اعظم سواتی اورشاہ محمود قریشی کے چائے پانی پرخرچ  ہوئی۔

یہ بھی سامنے آیا تھا کہ پرویزخٹک نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویودیا تو ٹی وی کے عملے کو چائے پلانے کا بل پونے 2 لاکھ روپے بنا تھا۔