ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن غیر محفوظ قرار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات کے لئے بہترین انتظامات کرنے کے احکامات صوبائی حکومتوں نے ہوا میں اڑا دیئے۔ ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن بنیادی سہولیات سے محروم اور غیر محفوظ ہیں۔
ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں میں ہزاروں پولنگ اسٹیشنز پانی اور بجلی سمیت چار دیواری سے محروم ہیں اور ایسے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 4 ہزار 945 ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق چار دیواری کے بغیر سینکڑوں پولنگ اسٹیشنز حساس کیٹگری میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سندھ میں اس طرح کے سب سےزیادہ پولنگ اسٹیشنز کا انکشاف ہوا ہے جہاں 17 ہزار 747 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 3 ہزار 688 پر چاردیواری اور پانی بجلی جیسی سہولیات سے محروم ہیں۔
بلوچستان کے 4 ہزار 420 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 576 اسٹیشنز، خیبرپختونخوا کے 12 ہزار 634 میں سے 570 اسٹیشنز اور پنجاب کے 107 پولنگ اسٹیشنز مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 4 ہے۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو پولنگ اسٹیشنز پر چار دیواری، پانی اور بجلی سمیت دیگر سہولیات کی ہدایات کی تھیں۔