عابد باکسر کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

لاہور: سیشن کورٹ نے سنگین نوعیت کے مختلف مقدمات میں نامزد سابق پولیس افسر عابد باکسر کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔
اطلاعات کے مطابق سابق پولیس افسر عابد باکسر آج لاہور کی سیشن عدالت کے جج رحمت علی کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانت کی درخواست دی۔
عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد عابد باکسر کی قتل کے 3 اور ڈکیتی کے 2 مقدمات سمیت مجموعی طور پر 10 مقدمات میں ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ عابد باکسر کو 4 اگست تک گرفتار نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر 90 کی دہائی میں خوف کی علامت تھا۔ ملزم کئی افراد کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارنے میں ملوث رہا ہے جبکہ اداکارہ نرگس پر تشدد میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔ ملزم 2007 میں نوکری سے فارغ ہونے کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا۔