نواز اور مریم کے وکلا کی مؤکلین سے ملاقات کیلئے درخواست

اسلام آباد: نوازشریف اور مریم نواز کے وکلا نے اپنے مؤکلین سے ملاقات کے لئے جیل حکام کو درخواست دے دی۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کا دن تھا۔ جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف سے گورنر سندھ محمد زبیر سمیت پارٹی رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔ مریم نواز سے بھی پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ تاہم جیل حکام نے نواز شریف اور مریم نواز کے وکلا کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کے وکلا کی جانب سے اپنے مؤکلین سے ملاقات کے لئے درخواست دے دی ہے تاہم جیل حکام کی طرف سے درخواست کا اب تک جواب موصول نہیں ہواہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وکلا جیل حکام کی اجازت ملنے پر نوازشریف اور مریم نواز سے ملنے اڈیالہ جیل جائیں گے۔