گجرات: مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی ترقی کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا ہے، وہ مودی کے منشور پر کام کرتے رہے ہیںاور اب جب شریف فیملی پکڑ میں آئی ہے تو کہتی ہے گرمی لگ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شریف خاندان کی فرعونیت اور تکبر کا دور ختم ہوگیا ہے۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہناتھاکہ عوام 25 جولائی کو نواز شریف کی سیاست کو دفن کردیں، الیکشن کے دن عوام ٹریکٹر اور بلے پر مہر لگائیں،انہوںنے کہاکہ پنجاب کا ہر بندہ جنوبی پنجاب کی بات کررہا ہے۔
اپنے دور میں جنوبی پنجاب کارڈیالوجی اسپتال بنایا جبکہ کئی مرتبہ شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو ہم گجرات میں کینسر اسپتال تعمیر کرائیں گے اور عوامی خدمت کی مثال قائم کریں گے، ہمارے دور کے عوامی مفاد کے منصوبے آج بھی چل رہے ہیں جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں شریفوں کا خاندان پکڑا جارہا ہے۔