عمران خان لوگوں کیلئے مثال بنیں، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں ریمارکس میں کہا کہ عمران خان ابھی ملک کے وزیراعظم نہیں، آنے والے وزیراعظم ہیں تاہم عمران خان لوگوں کے لئے مثال بنیں۔
سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر سروے جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت سروے جنرل آفس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ سروے جنرل آفس کی جانب سے دارالحکومت اور کورنگ نالہ کی حد بندی کا سروے نہیں ہوا۔
سروے جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کورنگ نالہ کے سروے کے لئے ہمیں ریکارڈ اور نقشے چاہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ محکمہ مال سروے آفس کو آج ہی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرے جبکہ جو ریاستی ادارے تعاون نہ کریں۔ ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ چائے پانی کے لئے ہم عدالت نہیں آتے، عوام ہمیں اپنے پیسہ سے تنخواہ دیتے ہیں، محکمہ مال جب تک سروے جنرل آفس کو ریکارڈ فراہم نہ کرے سپریم کورٹ سے نہیں جائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بنی گالا تجاوزات کی درخواست عمران خان نے ہی دی تھی، عمران خان کی حکومت بننے والی ہے لہٰذا بنی گالا تجاوزات کے معاملے کو اب عمران خان خود دیکھیں۔ عمران خان لوگوں کے لئے مثال بنیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان ابھی ملک کے وزیراعظم نہیں، آنے والے وزیراعظم ہیں، عمران خان بنی گالہ کے مسائل سے آگاہ ہیں، عمران خان بنی گالہ کے مسائل حل کر لیتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔