روس نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات ملتوی کردیئے

 

ماسکو:افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر روس نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات ملتوی کردیے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر ملتوی کیے گئے۔ روس نے ان مذاکرات کے لیے12 ممالک کو مدعو کر رکھا تھا۔

 

افغان طالبان نے4 ستمبر کو ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کرنے کی حامی بھری تھی۔ مذاکرات میں امریکہ اور افغان حکومت کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان دونوں ملکوں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ روسی حکام کے مطابق مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور اس میں افغان حکومت اور طالبان کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی ۔