فلوریڈا کے یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 5 زخمی

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے دارالحکومت تلہاسی میں واقع یوگا اسٹوڈیو میں ایک شخص کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز شام 5 بجکر 47 منٹ پر پیش آیا۔
پولیس چیف مائیکل ڈیلیو نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس آفیسرز فوراً ہی جائے وقوع پر پہنچ گئے جہاں 7 افراد زخمی حالت میں موجود تھے، جن میں سے 6 کو گولیاں ماری گئی تھیں جبکہ ایک کو پستول مار کر زخمی کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جن میں سے 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس چیف کے مطابق یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ کرنے والے شخص نے بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت 40 سالہ اسکاٹ پال بیئرلے کے نام سے ہوئی ہے۔
تلہاسی کے میئر اینڈریو گلم، جو واقعے کے وقت شہر میں موجود نہیں تھے، نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس حادثے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لکھامیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے حادثے کا فوری طور پر ایکشن لیا۔