راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں جب کہ آصف زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والے غداری کے مرتکب ہوئے، نیب کیسز کے ملزمان این آر او چاہتے ہیں، نواز شریف مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں جب کہ آصف زرداری کو بلاول سے کوئی دلچسپی نہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے اگلی نسل کو بھی تباہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جو جتنا بڑا چور ہے وہ معزز ہوگیا ہے اور جو جتنا بڑا بدمعاش تھا وہ اچھا رہا ہے، نااہل لوگوں کو عزت و مقام بدقسمتی ہے۔ غریب آدمی بجلی، گیس اور روزگار کی کمی سے مررہا ہے، جیلوں میں 80 فیصد لوگ بے گناہ ہیں اور اصل گناہ گار جیلوں سے باہر گھوم رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن کے لیے پروٹوکول لگتا تھا آج پاکستان کی جیلوں میں صفائیاں ہورہی ہیں، یہ اللہ کی پکڑ میں آئے، انہوں نے اللہ کی مخلوق کوتنگ کیا، اب نظر آرہا ہے ان لٹیروں پر مارچ سے پہلے جھاڑوں پھر جائے گا تاہم اگر یہ چور اس دفعہ بچ گئے تو پھر اس ملک کو صرف اللہ بچا سکتا ہے۔