امریکا نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کی معلومات فراہم کرنے والے کو 10 لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا نے القائدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ امریکا پہلے ہی حمزہ بن لادن کو سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق حمزہ بن لادن اسلامی عسکریت پسند گروہ کے اہم رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں اور انہوں نے اپنے والد اسامہ بن لادن کی موت کا بدلہ لینے کے لیے آڈیو اور ویڈیو پیغامات بھی جاری کیے ہیں جس میں انہوں نے اپنے پیروکاروں کو امریکہ اور اس کے حامی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کی دعوت دی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن کی شہریت ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
حمزہ بن لادن کی سعودی شہریت ختم کرنے کا اعلان سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے اسامہ بن لادن کو امریکی اہلکاروں نے خفیہ آپریشن میں 2 مئی 2011 کو قتل کردیا تھا۔