قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں فائرنگ کرکے 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے ضلع کپواڑہ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
سرچ آپریشن میں نوجوانوں کی شہادت کے بعد وادی بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بلند کیے۔
قابض بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور شیلنگ کا بے دریغ استعمال کیا۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور انٹرنیٹ و موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کو گھروں سے نکال کر ان کی بےعزتی کی ۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کپواڑا کے علاقے میں سرچ آپریشن کے نام پر مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ 2 مذہبی شخصیات کو حراست میں لے لیا تھا۔