اسلام آباد پولیس نے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا، پی پی معافی مانگے۔ فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے آصف زرداری اور بلاول کی نیب آفس میں پیشی کے موقع پر پی پی کارکنوں اور اسلام آباد پولیس کے درمیان جھڑپ پر معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” امید ہے کہ پیپلز پارٹی اسلام آباد پولیس سے معافی مانگے گی ۔“

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ریکارڈ پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ آج چند درجن لوگوں نے پولیس پرحملہ کیا جس میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے، حملے پرپولیس نے صبراور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ایسا رویہ کالعدم تنظیموں سے کس طرح مختلف ہے؟ آپ حد پارکریں گے توریاست اپنی ذمہ داری پوری کرےگی۔

فواد چوہدری کا کہناتھا کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا ، امید ہے پیپلزپارٹی کی قیادت آج معذرت کرے گی، بلاول خطاب ایسے کررہے تھے جیسے لاکھوں کے مجمعے سے خطاب کررہے ہوں۔