شیخ رشید پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے
شیخ رشید پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے

آئندہ کیا ہونے والا ہے،26 اکتوبر کو بتائوں گا۔شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہوچکے اور جلد پکڑے جانے والوں میں سے ایک مولانا فضل الرحمن کا بندہ ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ اللہ کو پتا ہے، ان کے آگے کنواں پیچھے کھائی ہے، پہلے بھی مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کو مروایا اب بھی مروائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ  26 اکتوبر کو بتائوں گا مولانا فضل الرحمن کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ، شہباز شریف کبھی ادھر ہیں تو کبھی ادھر ہے، مولانا فضل الرحمن اور شہبازشریف کی کوئی چیز فائنل نہیں، سیاست، جنگ اور محبت میں وقت کا بہت اہم کردار ہے، نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے، اب دیکھیں حسن اور حسین نواز کیا کرتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان 6 آدمی رہا کردیں تو اپوزیشن کی ساری تحریک ٹھس ہوجائے گی۔ جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہیں اور 2 ہونے والے ہیں۔ ان 2 میں ایک مولانا فضل الرحمن کا بندہ بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ادھر بھی ہیں، اِدھر بھی، گیم ابھی فائنل نہیں ہوا اور اکھاڑے میں ابھی کوئی بھی نہیں اترا۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ گرفتار سیاستدانوں کے خلاف سارے مقدمات پچھلی حکومتوں نے بنائے، عمران خان مقدمات بنائیں گے تو درودیوار ہل جائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابق حکمران مہنگائی حق مہر میں چھوڑ گئے، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور روپے کی قدر کو استحکام دیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا، اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری ہوگی، دنیا کو سمجھ ہونی چاہیے ہمارے پاس گنوانے کو کچھ نہیں لیکن بھارت کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھے گا تو کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے، عمران خان نے جس طرح چین میں کشمیر کا مقدمہ لڑا کسی نے نہیں لڑا، چین نے برملا کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

شیخ رشید نے کہاہے کہ میں نے بیجنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کو پکڑ لیا اور کہا کہ میری سروس سب سے زیادہ ہے،میں کالج چھوڑ کرگرائونڈ میں بیٹھا ہوتا تھا تواس وقت یہ سارے لوگ کالجوں میں داخل ہوئے،میں نے سوچ سمجھ کر یہ بات کی ہے کہ جب وقت آیا تو یہ فیصلہ کریں گے کہ پاﺅ والا آتش بازی کا سامان استعمال کرناہے یا آدھا کلووالا ، میری انفارمیشن کئی لوگوں سے زیادہ بہترہوتی ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ یہ آخری جنگ ہو گی ، آصف غفور سے کہا کہ میں بہتر سمجھتاہوں کہ عوام میں کیا بات کرنی ہے

ان کا کہناتھا کہ کشمیریوں پرظلم و ستم ہو گا تو یہ عوام خاموش تماشائی نہیں بنیں گے،عوام ،عمران خان اور فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ عمران خان اللہ کی مدد سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے ۔

شیخ رشید کا کہناتھا کہ گزشتہ ماہ ایک سال کے دوران مسافر ٹرینوں سے 10 ارب روپے کمائے ہیں ، ریلوے کا خسارہ 5 سال کے بجائے 3 سال میں ختم کر دیں گے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔