علی قاسم کی رہائی کے روبکار بھی ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیے گئے ہیں۔فائل فوٹو
علی قاسم کی رہائی کے روبکار بھی ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیے گئے ہیں۔فائل فوٹو

علی قاسم گیلانی کوایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کوایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات ملتان پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالنے پرگرفتار کیا تھا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی نے کورونا کی خلاف ورزی کی اورعوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی قاسم اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں ہے۔

حکومتی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ کرنا کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی ہے، علی قاسم گیلانی لوگوں کو جلسے کے لیے اکسا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم نے ملتان کے قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن حکومت کی جانب سے جلسے جلوس نکالنے پر پابندی عائد ہے۔

گزشتہ روز پورا دن ملتان کا قاسم باغ اسٹیڈیم میدان جنگ بنا رہا اور پولیس اورپی ڈی ایم کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علی قاسم گیلانی سمیت دیگرکارکنان پرمقدمہ قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازے توڑنے اورکنٹیرز ہٹانے پردرج کیا گیا ہے۔