برطانیہ سے تعلق رکھنے والے نو مسلم معروف یوٹیوبرجے پلفری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کے دوران دلکش نظاروں اور پاکستانیوں کی بھرپورمہمان نوازی نے انہیں پاکستان کی محبت میں مبتلا کردیا ہے۔
معروف وی لاگر یوٹیوبر جے پلفری نے تین ہفتوں پر مشتمل اسکردو، ہنزہ اورگلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔
پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے یوٹیوبر جے پلفری کی جانب سے ان کے دورہ پاکستان کی کئی ویڈیو سیریز ریلیزکی جاچکی ہیں۔
حالیہ ویڈیو میں برف سے ڈھکی وادی اسکردو، سیاحوں کی توجہ کا بہترین مرکز اور دنیا کے دوسرے بلند ترین میدان دیوسائی کا نظارہ پیش کیا گیا۔
ویڈیو میں شمالی خطے سے لاہور تشریف لانے کے بعد جے پلفری نے بادشاہی مسجد اور فیصل مسجد سمیت مختلف پرکشش مقامات پر مبنی سیریز نشر کی۔
اپنی ایک ویڈیو میں یوٹیوبر جے پلفری کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو پاکستان کا اصل امیج دکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
نومسلم یوٹیوبرکے مطابق مغرب کے بہت سے لوگ مغربی میڈیا کی جانب سے کھینچے گئے پاکستان کے خوفناک خاکے پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ وہ پرامن، متحرک اور محبت کرنے والے پاکستان سے متعلق آگاہی نہیں رکھتے۔