پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی قیادت میں قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی قیادت میں قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔فائل فوٹو

محترمہ نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی۔ گڑھی خدا بخش میں میدان سج گیا

سابق وزیر اعظم محترمہ  بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی آج ملک بھر میں منائی جائے گی، اس موقع پر تعزیتی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں میدان سج گیا جس سے بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز اور پی ڈی ایم کے دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین آج بھٹو ہاوس، نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو کے مزار پہنچیں گے جہاں وہ جلسے سے خطاب کریں گے تاہم طبعیت ناساز ہونے پر سابق صدر آصف علی زرداری کی عدم شرکت پر ان کا بھی جلسہ سے ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے۔

24 دسمبر کو سابق صدر آصف زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی اورآصف زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو گڑھی خدا بخش جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

جلسہ میں جے یو آئی (ف) کا پانچ رکنی وفد شرکت کرے گا جس میں عبدالغفور حیدری، سراج احمد خان، عبدالرزاق عابد اور سعود افضل شامل ہیں تاہم پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن شرکت نہیں کرسکیں گے اور ان کا خطاب بذریعہ ویڈیو لنک متوقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کا 9 رکنی وفد مریم نواز کی سربراہی میں رات گئے نوڈیرو میں بھٹو ہاوس پہنچا، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، بی بی فریال تالپور اور شیری رحمان نے لیگی وفد کا استقبال کیا، مسلم لیگ (ن) کے وفد میں مریم اورنگزیب، پرویز رشید، کیپٹن صفدر، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل، شاہ محمد شاہ، ثانیہ عاشق اور مصدق ملک شامل ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسے کے بعد پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں بھٹو ہاوس، نوڈیرو میں عشائیہ بھی دیا جائے گا جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کل پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

گڑھی خدا بخش میں جلسہ کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے اور ملک بھر سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی قیادت میں قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔