حمزہ شہبازکی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد

لاہورہائی کورٹ نے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

لاہورہائیکورٹ میں حمزہ شہبازکی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم کرنے کی درخواست پرسماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس محمد امیربھٹی نے وزیراعلی پنجاب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے25 مئی کوایک ہی نوعیت کی دیگردرخواستوں کیساتھ یکجا کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے شہری منیراحمد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فریق پہلے ہی ایسی درخواست دائرکرچکے ہیں۔ اراکین اسمبلی بھی اس مسئلے پر درخواست دائر کر چکے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار تو متاثرہ فریق نہیں تو اس درخواست کی کیا ضرورت ہے؟ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے جواب دیا کہ مشتاق موہل کی درخواست بھی قابل سماعت قراردی گئی ہے جس پرعدالت نے کہا کہ اب ایسا تو نہیں ہے کہ پورے پنجاب کو اجازت دے دی جائے کہ ایک ہی ایشو پر درخواستیں دائرکریں۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس عدالت میں میں ایسے نہیں آیا، میں نے مواد زیادہ لگایا ہے۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ سارے وکیل ایسے نہیں آتے۔ آپ سارے وکیل اچھے پیسے کماتے ہیں، آپ نے کلائنٹ سے پیسے لیے ہوتے ہیں۔ ٹھیک ہے عدالت کے علم میں ایک ایشو آچکا ہے اب اس درخواست کی کیا ضرورت ہے۔دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر طیب جان کے بولنے کی کوشش پراظہر صدیق ایڈووکیٹ برہم ہوگئے اورسرکاری وکیل سے کہا کہ آپ عدالت سے بات کریں۔