اسد عمر توہین عدالت نوٹس جاری

بلدیاتی الیکشن کے التوا پر پی ٹی آئی کارد عمل آ گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سندھ میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژن کے بلدیاتی الیکشن کے التوا پررد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف 3 دن قبل بلدیاتی انتخاب ملتوی کردیے گئے ہیں اور وجہ صرف بارش بتائی گئی ہے ، یہ ایک مضحکہ خیز بات ہے، الیکشن کمیشن کا نیا فیصلہ سن کر حیرانی ہوئی۔

 پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسد عمرکی جانب سے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے بلدیاتی الیکشن کے التوا پرالیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ عوام الیکشن کمیشن کا نیا فیصلہ سن کر یقیناً حیران ہوگئے ہوں گے،الیکشن کمیشن کس طرح مکمل طور پر جانبدار ہوچکا ہے اور کوئی پاکستانی یقین نہیں کرسکتا کہ اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کروائے جاسکیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں بھاگی بھاگی گئی تھیں کہ ہمیں بچاؤ کیوں کہ وہ دیکھ چکی تھیں کہ جس طرح سے 17 جولائی کو پنجاب میں بلا چلا اس خوف سے یہ بھاگے لیکن اب یہ بچ نہیں سکتے کیوں کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ قوم نے اپنی حقیقی آزادی لے کر رہنی ہے۔