ہندو نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی

کراچی:گلستان جوہر کے علاقے صفورہ چوک کے قریب ایک ہندو نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔

سچل پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 22 سالہ رمیش ولد بوٹو کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کئی روز پرانی ہے جو آج صبح کسی شہری نے گھنے درخت سے لٹکتی ہوئی دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد جناح اسپتال پہنچا دی گئی ہے۔ اسکیم 33 کا رہائشی نوجوان رمیش کمار سعدی ٹاؤن میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا تھا۔

اہلخانہ کے مطابق رمیش کمار 5 اگست کی شام 6 بجے گھر سے گیا اور واپس نہیں آیا، گزشتہ روز (6 اگست کو) نامعلوم شخص نے فون پر اہلِ خانہ کو رمیش کی اپنے پاس موجودگی کا بتایا تھا۔

فون کرنے والے نے اہلِ خانہ کوکہا کہ رمیش میرے پاس ہے، پریشان نہیں ہو۔پولیس رپورٹ کے مطابق نامعلوم شخص نے اطلاع دے کر کال منقطع کرکے فون بند کردیا تھا۔