نوشہرہ: گاڑی پر فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما اور ان کے بھائی زخمی ہوگئے

نوشہرہ : نوشہرہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما معتصم بااللّٰہ کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  فائرنگ سے معتصم بااللّٰہ بھائی سمیت شدید زخمی  ہوگئے، ان کی رہائش گاہ پر آج پرویز خٹک کا جلسہ ہونا تھا۔

ڈی پی او عمر خان کے مطابق واقعہ حکیم آباد میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے رہنما پی ٹی آئی معتصم بااللّٰہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس سے وہ اپنے  بھائی سمیت زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کیا گیا، ان کی  رہائش گاہ پر آج تحریک انصاف کا شمولیتی جلسہ تھا جس میں پرویز خٹک کو شرکت کرنا تھی۔

واقعے کے بعد جلسہ منسوخ کردیا گیا، پرویز خٹک نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اورمطالبہ کیا کہ جلد ازجلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔