لاہور: لاہور میں لکشمی چوک کے قریب ڈولفن پولیس فورس نے ڈاکو سمجھ کر نوجوان کو مار ڈالا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اور ڈولفن فورس کےدرمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،فائرنگ کے دوران شعیب نامی شہری جاں بحق ہوا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا جوان پولیس اہلکار نکلا جو تھانہ شاہدرہ میں تعینات تھا جسے لکشمی چوک پر ڈولفن اہلکاروں نے ڈاکو سمجھ کرنشانہ بنادیا۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے غضنفر اور پطرس نامی شہری بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالہٰی نے شہری کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورانہیں فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔