اسلام آباد: شہباز گل نے اداروں کو بغاوت پر اُکسانے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے دی گئی درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کیا۔ درخواست گزار سابق وزیراعظم عمران خان کا چیف اسٹاف افسر ہے۔ 17 اگست کو پمز کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا۔ اڈیالہ جیل اور پمز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق درخواست گزار پر تشدد کے شواہد ملے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔