اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوئی بات نہیں کی تاہم یہ فوری انتخابات سے مشروط ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع فوری انتخابات کی تاریخ اور اعلان سے مشروط ہے، ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے اور نئی حکومت کے انتخاب تک آرمی چیف کی تعیناتی مؤخر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’چند لوگوں نے اپنے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، یہ بھی ممکن ہے کہ میں اُن تمام لوگوں کے نام سب کو بتا دوں، میں نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی اور جو ادارہ ملکی مفاد کے ساتھ کھڑا ہے میں اس کے ساتھ ہوں‘۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے تو میرٹ کی بات کی آج بھی کہتا ہوں میرٹ کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، فوج اس لیے مضبوط ہے کہ میرٹ کا نظام بہتر ہے۔