آڈیولیکس کسی ایجنسی نہیں ،بعض افراد کا معاملہ ہے،رانا ثنا

لاہور(اُمت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آڈیولیکس میں ملوث افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے جبکہ بگنگ نہیں ہوئی بلکہ ٹیلی فون ہیک ہوئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلےکے تحت انویسٹی گیشن ہورہی ہے، رپورٹ وزیراعظم کوپیش ہوگی پھرفیصلہ ہوگا کہ رپورٹ کس حد تک شیئرکرنی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آڈیولیکس کوئی ایجنسی نہیں بلکہ بعض افراد کا معاملہ ہے جن کی نشاندہی ہوچکی ہے، ان افراد کا تعلق وزیراعظم ہاؤس میں کام کرنے والوں میں سے ہے، بعض لوگ پیسوں کی وجہ سے بھی ایسا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں بگنگ نہیں فون ٹیپنگ سامنے آئی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی گزشتہ دنوں آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں 12 رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔