کراچی:پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس اہلکارکوگولی مارکرقتل کرنے والا نوجوان سابق ڈپٹی کمشنر کا بیٹا نکلا، ملزم سوئیڈن کا مستقل شہری بھی ہے ۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم خرم نثارکا آبائی گھرڈیفنس فیز5 میں جائے وقوع کے قریب ہے، پولیس نے ملزم کے گھرچھاپہ مار کراسلحہ اور دستاویزات برآمد کرلیں جب کہ چوکیدارکو بھی حراست میں لیا گیا ہے، عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم خرم نثار بیوی اور2 بچوں کے ساتھ سوئیڈن کا مستقل رہائشی ہے اوراس کا دوسرا بھائی فیملی کے ساتھ فیصل آباد میں مقیم ہے۔
واردات میں استعمال گاڑی گھرپرچھوڑکرملزم دوسری کارمیں فرارہوگیا ہے جبکہ گھرسے ملے ایک پستول کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کے گھرسے ایک پاسپورٹ کی کاپی بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم جس گاڑی میں فرار ہوا اس کی تلاش جاری ہے اوراس کے دوستوں کے گھروں پربھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ائیر پورٹس پر بھی ملزم کی تصاویراورسفری دستاویزات کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔