خیبر پختون خوا (اُمت نیوز)خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں لکی مروت کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔لکی مروت کے آر پی او سید اشفاق انور نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھاکریں گے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
آر پی او لکی مروت سید اشفاق انور نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے لکی مروت میں تھانے پر ہونے والے حملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے حکام کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔