طلبا کو پارٹی ڈرگز کی ترسیل ناکام،خاتون سمیت 2ملزم گرفتار

اسلام آباد: انسداد منشیات کی اینٹی نارکوٹک فورس نے کالج اور یونیورسٹی کے طلبا کو پارٹی ڈرگز کی ترسیل ناکام بنا دی، ڈائیوو سے جانے والے ملزم اور ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹک فورس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے منظم گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کی اور نوجوانوں خاص طور پر کالج اور یونیورسٹی کے طلبا کو پارٹی ڈرگز کی تقسیم و ترسیل کی غرض سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ایک اہم اور کامیاب آپریشن کے دوران نوجوانوں، خصوصاً کالج و یونیورسٹی کے طلبہ کو پارٹی ڈرگز کی  تقسیم و ترسیل کی غرض سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے اسلام آباد لیڈی کیریئر کے ذریعے وِیڈ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ایک خاتون لاکھوں روپے مالیت کی وِیڈ بزریعہ ڈائیوو بس کراچی سے راولپنڈی اسمگل کریں گی۔اے این ایف کی ٹیم نے معلومات کے بعد ڈائیوو ٹرمینل راولپنڈی پر مسلسل نگرانی کی اور اس دوران ٹرمینل پر ایک مشتبہ شخص اور خاتون ملزمہ کو موقع سے گرفتار کر لیا، ملزم کا تعلق وزیرستان سے ہے۔

ملزمہ کے بیگ کی تلاشی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی 4 کلو 368 گرام پلاسٹک کے ڈبوں میں چھپائی گئی وِیڈ قبضے میں لے لی گئی۔ ملزم راولپنڈی اور اسلام آباد میں پارٹی ڈرگز کی تقسیم میں ملوث گروہ کا اہم رکن اور آرگنائزر ہے، ضبط شدہ وِیڈ راولپنڈی اور اسلام آباد میں نئے سال کی پارٹیوں کے دوران تقسیم کرنے کے لیے لے جائی جارہی تھی۔ ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا۔