ایمان فاطمہ نے60 بالز پر ناقابل شکست 65 رنز بناکرناٹ آئوٹ رہیں۔فائل فوٹو
ایمان فاطمہ نے60 بالز پر ناقابل شکست 65 رنز بناکرناٹ آئوٹ رہیں۔فائل فوٹو

ویمنزانڈر19 ٹی 20 ورلڈ کپ،پہلے میچ میں پاکستان کی کامیابی

لاہور: ویمنزانڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے ابتدائی رکاوٹ باآسانی عبورکرلی جب کہ پہلے میچ میں روانڈا کو 8 وکٹ سے مات دیدی۔

جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا آغاز قدرے آسان فتح کے ساتھ ہوا، روانڈا نے پہلی بار کسی آئی سی سی کپ میں شرکت پرکافی متاثر کیا، سلو وکٹ پر سنیتھا ٹیوزیراور گیزیل ایشمووے کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 51 رنز کی شراکت ہوئی۔

اشمووے نے 40 رنز بنائے تاہم دوسرے ہاف میں پاکستانی بولرز نے زیادہ متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ روانڈا زیادہ بڑا اسکور نہ کرسکے، اس طرح حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 106 رنز بناسکی، عریشہ نور بھٹی نے 2 وکٹیں لیں جبکہ سیدہ عروب شاہ اور انوشہ ناصرنے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں روانڈا نے آغازمیں پاکستانی بیٹنگ لائن پر بھرپور حملہ کرتے ہوئے 42 رنز پر 2 وکٹیں اڑا دیں تاہم ایمان فاطمہ نے 60 بالز پرناقابل شکست 65 رنز بناکر ٹیم کو 18 ویں اوور میں منزل پر پہنچادیا،عروب شاہ بھی 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے دیگر میچز میں ویسٹ انڈیز نے دلچسپ مقابلے میں آئرلینڈ کو 7 رنز سے شکست دیدی، زیڈا جیمز کے 52 رنز کی بدولت کیریبیئن ویمنزانڈر 19 ٹیم نے 3 وکٹ پر 125 رنز بنائے،اس میں سے 24 رنزآئرش ویمنز نے ایکسٹرازکی مد میں عطیہ کیے، جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 7 وکٹ پر 118 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ نے انڈونیشیا کو 10 وکٹ سے ہرایا جبکہ انگلینڈ کے خلاف زمبابوے کی ٹیم 200 رنز ہدف کے تعاقب میں صرف 25 رنز پر ڈھیر ہوکر 174 رنز کی شکست سے دوچار ہوگئی۔