کراچی(امت نیوز)سماجی رہنما فیصل ایدھی نے انکشاف کیا ہےکہ لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہونے والی بس میں کئی ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہاتھا
جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ لسبیلہ واقعہ حادثہ نہیں بلکہ قتل ہے۔ حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئےعملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کوئٹہ سے آنے والی بس میں کئی ہزار لیٹرایرانی ڈیزل اسمگل کیاجارہا تھا۔ حکومتی ادارے ایسے حادثات میں براہ راست ملوث ہیں۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ مسافر بسوں کے حادثات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے۔
خیال رہے کہ آج بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب بس حادثے میں 42افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے میں 2 گھنٹے لگے