کراچی،علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے ایک اور بچہ انتقال کرگیا

کراچی ضلع کیماڑی کے علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے ایک اور بچہ انتقال کرگیا۔انتقال ہونے والے بچے کانام عبدالحلیم ولد عبدالوہاب اور اس کی عمر 3 سال تھی۔اہل علاقہ کے مطابق عبدالحلیم کے انتقال کے بعد اب تک 20 افراد اس پراسررا بیماری سے لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ سندھ حکومت نے 16 افراد کی تصدیق کی ہے۔بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عبدالحلیم چند روز سے بیمار تھا ، محکمہ صحت کے میڈیکل کیمپ میں بھی اس کا علاج ہوتا رہا، گزشتہ رات اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انتقال کرگیا۔ علاقہ مکین نے شکوہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت ہے 24 گھنٹے میڈیکل کیمپ ، ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایمبولینس موجود رہے گی لیکن گزشتہ رات علاقے میں نا تو میڈیکل ٹیم موجود تھی اور نہ ہی کوئی ایمبولینس۔بچے کے باڈی کو سول اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے شفٹ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ان ہلاکتوں کی وجوہات کا تعین اب تک نہیں کیا جاسکا۔