جڑانوالہ میں جن املاک کونقصان پہنچا،اصل حالت میں بحال کریں گے، فائل فوٹو
جڑانوالہ میں جن املاک کونقصان پہنچا،اصل حالت میں بحال کریں گے، فائل فوٹو

محسن نقوی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست اعتراض کے ساتھ واپس

اسلام آباد(امت نیوز)سپریم کورٹ کے رجسٹرار  آفس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نگراں  وزیراعلیٰ  پنجاب محسن نقوی کی تقرری کے خلاف درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی۔

پاکستان تحریک انصاف نے 27 جنوری کو نگراں  وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

رجسٹرار آفس نے محسن نقوی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر متعدد اعتراضات عائد کیے ہیں۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا ہےکہ درخواست گزار کی جانب سے عوامی اہمیت اور بنیادی حقوق کے کسی معاملےکی نشاندہی نہیں کی گئی، درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، اسد عمر نے درخواست میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہونےکا بھی کوئی ثبوت نہیں دیا۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کا کہنا ہےکہ آرٹیکل 248 کے تحت وزیر اعلیٰ کو فریق نہیں بنایا جاسکتا، درخواست میں غیر مناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے، پی ٹی آئی نے ایک ہی پٹیشن میں کئی طرح کی درخواستیں کی ہیں جو مبہم ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک ہی درخواست میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  راجا ریاض اور الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری چیلنج کی تھی۔