آصف زرداری پر الزامات سے متعلق شیخ رشید کا جواب مسترد

اسلام آباد(امت نیوز)اسلام آباد پولیس نے سابق صدر آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات پر شیخ رشید کا جواب مسترد کردیا اور انہیں یکم فروری کی شام ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا

پولیس حکام کے مطابق وکیل کے ذریعے جواب قابل قبول نہیں ،عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سابق صدر پر عائد کیے گئے الزام کا ثبوت پیش کریں۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ شیخ رشید کیلئے کل شام 4 بجے تک پولیس کے روبرو پیش ہونے کا آخری موقع ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد پولیس انکوائری میں تعاون نہیں کر رہے ۔ شیخ رشید پیش ہو کر اپنے بیان کی وضاحت کریں ورنہ قانونی کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ شیخ رشید نے وکیل کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں  موقف اختیار کیا تھا کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کا از خود کوئی الزام نہیں لگایا، عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس معاملے کے کوئی شواہد نہیں، نہ میرا کوئی تعلق ہے، میرے خلاف دی گئی درخواست سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ درخواست گزار نے اپنی شناخت غلط ظاہر کی، جعلی شناختی کارڈ نمبر لکھا ہے۔