غزہ: فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں 2 علیحدہ واقعات میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں چاقو سے لیس ایک نوجوان نے حملہ کیا جس پر فوجی اہلکاروں نے اپنے دفاع میں نوجوان پر گولی چلائی۔
عینی شاہد کے مطابق نوجوان کو چوکی پر روکا گیا تھا اور تلاشی کے دوران ہونے والی تلخ کلامی پر اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کیا جب کہ نوجوان نہتا تھا۔
اُدھر مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ نوجوان کو پستول رکھنے کا الزام عائد کرکے شہید کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے اس سال کے پہلے مہینے میں 35 فلسطینی نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کیا جس میں ایک ہی واقعے میں 10 نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا جس کے بعد سے مغربی کنارے میں کشیدگی برقرار ہے۔